خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محنت فضل شکور خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت میں تمام فیصلے میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محنت فضل شکور خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت میں تمام فیصلے میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر ہوتے ہیں، کسی کے ساتھ ناانصافی اورزیادتی نہیں ہوگی، حقدار کو اپنا حق ملے گا۔انہوں نے کہا کہ لیبر کالونیوں میں غیر قانونی اور غلط طریقے سے کوارٹر الاٹ کرنے کے خلاف کاروائی کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور ان کوارٹرز کو خالی کراکے ان مزدوروں کو الاٹ کئے جائینگے جو ان کے اصلی حقدار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے لیبر کالونی مردان کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع انکے ہمراہ صوبائی وزیر خوارک ظاہر شاہ طورو،اراکین صوبائی اسمبلی اختشام ایڈووکیٹ،عبدالسلام آفریدی,ایڈیشنل سیکرٹری لیبر، ڈی جی ای ایس، ڈائریکٹر لیبر سمیت محکمہ محنت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر فضل شکورخان نے لیبر کالونی میں دی جانے والی سہولیات و درپیش مسائل بارے دریافت کیا۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ لیبر کالونی میں مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھاکر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پر بھی مزدور کو صوبائی حکومت کی طرف سے مقررکردہ اجرت نہیں ملتی تو ہم اس کے خلاف فوری ایکشن لینگے اور ملوث ہونے والوں کو قانون کے دائرہ کار میں لاتے ہوئے سزا دینگے، یہ صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی اس میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ صوبائی وزیر نے ورکنگ فوکس گرائمر ہائیر سکنڈری سکول مردان کا بھی دورہ کیا۔ سکول کے پرنسپل نے صوبائی وزیر کو سکول کے مختلف سیکشنز اور لیبارٹریز کا تفصیلی دورہ کرایا اور سکول کے انتظامی امور اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے یقین دلایا کہ مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھائینگے۔ صوبائی وزیر نے شجرکاری مہم کے سلسلے میں سکول میں پودا بھی لگایا اور پودوں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی کی۔

مزید پڑھیں