صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی زیر صدارت مردان میں اجلاس

> صوبائی حکومت کے ”عوامی ایجنڈا پروگرام” کے تحت عوام کے بہتر مفاد کے تمام منصوبوں پر کام تیز کیا جائے، ظاہر شاہ طورو کی متعلقہ حکام کو ہدایت

خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے ہدایت دی اور کہا کہ عمران خان کے وژن کیمطابق اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایت پر ”عوامی ایجنڈا پروگرام”کے تحت مردان میں تمام منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے اوراس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، یہ ہدایات انہوں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر مردان کے دفتر میں عوامی ایجنڈا پروگرام کے تحت ضلع مردان میں جاری منصوبوں پر پیش رفت بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی و ڈیڈک چیئرمین زرشاد خان، امیر فرزند خان اور عبدالسلام آفریدی سمیت ڈپٹی کمشنر میاں بہزاد عادل اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو ڈپٹی کمشنر مردان نے عوامی ایجنڈا پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ضلع مردان میں مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، جن میں ہسپتالوں اور تدریسی اداروں کی صفائی، پبلک پارکس کی تزئین و آرائش، سپورٹس گراؤنڈز کی بحالی، غیر قانونی بل بورڈز کی ہٹاؤ، تجاوزات کا خاتمہ اور ٹرانسپورٹ اڈوں کی صفائی جیسے اہم منصوبے شامل ہیں اور متعلقہ حکام ان منصوبوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر خوراک نے اس موقع متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت دی کہ کوالٹی کنٹرول کی کڑی نگرانی، محصولات کی ڈیجیٹائزیشن، ضلعی انتظامیہ کی عوام کیلئے اوپن ڈور پالیسی، کھلی کچہریوں کے انعقاد، خواتین و خصوصی افراد اور اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری، فائل ٹریکنگ سسٹم، درختوں کی ٹریمنگ، جنگلی پودوں کا خاتمہ، وال چاکنگ، گندگی کو ٹھکانے لگانا اور بجلی کے پرانے تاروں کو ہٹانا جیسے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور انکی بروقت تکمیل یقینی بناکر عوامی مفادات کے پیش نظر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ان منصوبوں کے ثمرات حاصل ہو سکیں۔

مزید پڑھیں