نظام پور 29 کلومیٹر سڑک پرذاتی مسافر اور چھوٹی گاڑیوں پر کسی قسم کا ٹیکس نہیں لگنے دیں گے۔صوبائی وزیر ایکسائز میاں خلیق الرحمان

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم صوبائی وزیر ایکسائز میاں خلیق الرحمان کے ساتھ اجلاس میں متفق، صرف ٹو ایکسل اور اس سے بڑی گاڑیوں پر ٹیکس لگایا جائے گا

پختونخوا ہائی وے اتھارٹی کے زیر سرپرستی نظام پور نوشہرہ ٹول پلازہ پر ٹول ٹیکس لگانے کے حوالے سے ایک اعلی سطح اجلاس مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم اور صوبائی وزیر ایکسائز میاں خلیق الرحمان کے مشترکہ زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پختونخوا ہائی وے اتھارٹی اور مقامی انتظامیہ کے حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ پختونخواہائی وے اتھارٹی کی زیر نگرانی جتنی بھی سڑکیں قرضہ جات لیکر بنائی گئی ہیں ان کی مرمت اور بحالی حکومت کا کام ہے جن کیلئے روڈ ٹول پلازہ کے ذریعے ٹول ٹیکس لینا لازمی ہے تاکہ صوبے میں سڑکوں کی حالت بہتر ہو کر عوام کو مشکلات اور حادثات سے چھٹکارا حاصل ہو سکے۔ اجلاس کا ایجنڈا نظام پور 29 کلومیٹر روڈپر ٹول پلازہ کی فعالی تھی تاکہ اس سڑک پر گزرنے والی گاڑیوں سے ٹول ٹیکس لینا شروع کیا جا سکے جس پر صوبائی وزیر ایکسائز میاں خلیق الرحمان نے اجلاس کو واضح طور پر بتایا کہ کسی بھی مسافر اور ذاتی گاڑی سمیت تمام چھوٹی گاڑیوں پر کسی قسم کا ٹول ٹیکس نہیں لگنے دیں گے جس پر مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ نظام پور ٹول پلازہ پر صرف بڑی گاڑیوں جن میں 2 ایکسل ٹرکس ٹریکٹرز بمعہ ٹرالی، تھری ایکسل ٹرکس اور اس سے بڑی گاڑیوں سے ٹیکس لیا جائے گا۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ 25 سواریوں سے کم رکھنے والی گاڑی سے بھی ٹول ٹیکس نہیں لیا جائے جس میں منی بس اور مزدہ کو بھی استشنا حاصل ہوگا۔ صوبائی وزیر ایکسائز میاں خلیق الرحمان نے پختونخوا ہائی وے اتھارٹی حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کے دونوں اطراف میں سائیڈ وال مکمل کی جائیں تاکہ حادثات میں کمی ہو سکے۔

مزید پڑھیں