چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیرصدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسدادِ پولیو کا اجلاس

صوبائی ٹاسک فورس برائے انسدادِ پولیو کا اجلاس چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ انتظامی سیکرٹریز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام، کوآرڈینیٹر ای او سی، عالمی معاون اداروں یونیسف اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سنٹر اسلام آباد کے حکام، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ سپیشل سیکرٹری ہیلتھ و کوآرڈینیٹر صوبائی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر نے اجلاس کو بریفنگ دی اور صوبے میں پولیو کیسز کی صورتحال کے بارے میں بتایا۔اس موقع پر گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر پیشرفت کا جائزہ بھی پیش کیا گیا۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے جاری حکمت عملیوں اور کوششوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔چیف سیکرٹری نے پولیو ویکسینیشن مہم کے دوران پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور اس حوالے سے کوتاہی برتنے والوں کیخلاف سخت کاروائی کی بھی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری نے درست اور جامع ڈیٹا کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہتر فیصلہ سازی کے لئے 100 فیصد ڈیٹا کی فراہمی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے فیصلہ سازی کے لیے مستند اور بروقت معلومات کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔بعض اضلاع میں پولیو کے کیسز کے کا جائزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے اس کی بنیادی وجوہات کی مکمل تحقیق اور تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائیں۔مزید برآں، چیف سیکرٹری نے عوامی بیداری مہم کے احیاء پر زور دیا۔ انہوں نے عوام کو ہسپتالوں میں بھی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ ہسپتالوں کے دورے کریں گے اور سہولیات کا خود جائزہ لیں گے۔اجلاس میں پولیو کے خاتمے کی مہم میں اضلاع کی کارکردگی کو باقاعدگی سے مانیٹر کرنے کے لیے ”ڈسٹرکٹ سکور کارڈ” متعارف کرانے پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ چیف سیکرٹری نے اس اقدام کے ساتھ ساتھ گھریلو سماجی سروے کو بھی سراہا جن کا مقصد پولیو ٹیموں کے گھر گھر دوروں کی تاثیر کا جائزہ لینا ہے۔اجلاس میں 28اکتوبر 2024سے دو مرحلوں میں شروع ہونے والی پولیو مہم کے لئے تیاریوں کابھی جائزہ لیا گیا۔

مزید پڑھیں