ملاوٹ مافیا کے خلاف خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی کی مردان،لوئر دیر اور ڈی آئی خان میں کارروائیاں، سیکنڑوں کلوگرام غیر معیاری کیچپ، جعلی شہد،ممنوعہ چائنہ سالٹ برآمد، جرمانے عائد
خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کے خلاف صوبہ بھر میں کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مردان، دیر لوئر اور ڈیرہ اسماعیل خان میں چھاپے مارے اور سینکڑوں کلوگرام غیر معیاری کیچپ، ممنوعہ چائنا سالٹ اور جعلی شہد پکڑ کر ضبط کر لیا گیا
اس سلسلے میں ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز فوڈ سیفٹی ٹیم مردان نے خواجہ گنج بازار اور طورو چوک میں واقع گوداموں پر چھاپے مار کر 2 ہزار کلو گرام غیر معیاری کیچپ برآمد کر لیا۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق برآمد شدہ غیر معیاری خوراک میں 25 کلو چائنہ سالٹ اور 15 کلو کھلا رنگ بھی شامل تھا۔ تمام مضر صحت خوراک کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا جبکہ مالک پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔اسی طرح لوئر دیر ٹیم نے تیمرگرہ اڈہ میں واقع ایک ہوٹل سے 55 کلو سے زائد جعلی شہد ضبط کر لیا اور ہوٹل کے مالک پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ مزید براں، ڈی آئی خان میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایک بریانی دکان کے کچن کا معائنہ کرتے ہوئے وہاں سے ممنوعہ چائنہ نمک برآمد کر کے کچن کو سیل کر دیا۔ ترجمان کے مطابق قانون کی خلاف ورزی پر ملوث مالکان کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے انسپکشن ٹیموں کی کاروائیوں کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملاوٹ شدہ اور مضر صحت خوراک کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ ملاوٹ شدہ خوراک کی سپلائی اور فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایسے عناصر کیخلاف کاروائی میں مزید تیزی لائی جائے اور ملاوٹ جیسے گھناؤنے کاروباروں کیخلاف سخت قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔