وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو بولی کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت پی آئی اے کی خریداری کے لئے ہر حد تک جائیگی اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پورنے متعلقہ حکام کو بولی کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ قومی اثاثے کو سیاسی مافیا کے چنگل سے آزاد کرکے منافع بخش ادارہ بنایا جائے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے تعجب کا اظہار کیا کہ پی آئی اے کو اس نہج تک پہنچانے والے مافیا کی بولی میں دلچسپی لینا سمجھ سے بالاتر ہے اورجن لوگوں نے پی آئی اے ایئر لائن جیسے منافع بخش ادارے کو تباہ کیا ہے آج وہی لوگ اس کی بولی میں پیش پیش ہیں۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ شریف اور زرداری خاندانوں کی وجہ سے تمام ادارے خسارے میں جکڑے ہوئے ہیں اور قومی اثاثوں کو سیاسی مافیا ناقابل تلافی نقصان پہنچا ر ہا ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ جعلی حکومت کا خاتمہ قریب ہے۔ جعلی حکومت نے ملک کو جو نقصان پہنچایا ہے ان سے پورا پورا حساب لیا جائے گا۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ شریف اور زرداری خاندان نے ملکی اداروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ کئی باریاں لینے کے باوجود ملک کا یہ حال ہے کہ قومی اثاثوں کو اونے پونے داموں بیچ دیا جارہا ہے۔