سیکرٹری صحت حکومت خیبرپختونخوا سید عدیل شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ صحت نے خیبرمیڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور کے اشتراک اوربرطانوی جامعات کے تعاون سے سرکاری ہسپتالوں میں فرائض سر انجام دینے والی نرسز کے لیئے جدید پیشہ ورانہ ٹریننگ کا جو مرحلہ وار پروگرام شروع کیاہے اس سے نہ صرف نرسز کی جدید خطوط پر ٹریننگ کی نئی راہیں کھلیں گی بلکہ اس سے سرکاری ہسپتالوں میں نرسنگ کیئر کاایک جدید کلچر بھی فروغ پائے گا۔انہوں نے ان خیالات کااظہار کے ایم یو میں برطانوی جامعات کے اشتراک سے صوبے کی نرسز کے دوسرے بیچ کی ٹریننگ کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیاہے۔ جب کہ اس موقع پر دیگر کے علاوہ SAME RPS UKکے نمائندیڈاکٹر اعجاز حسین، کے ایم یو کی پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ نازلی،کے ایم یو کے رجسٹرار انعام اللہ وزیر، ایچ ایس آر یو محکمہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر خلیل الرحمٰن،ڈاکٹر فرید اللہ شاہ ڈائریکٹر نرسنگ ڈی جی ہیلتھ سروسز اورڈائریکٹرکے ایم یو آئی این ایس ڈاکٹر نجمہ ناز بھی موجود تھے۔سیکرٹری ہیلتھ نے کہا کہ کورس کے لیئے منتخب شدہ نرسز کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے وژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں زیادہ سے زیادہ معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیئے جدید تربیت دی جائے گی جس سے سرکاری ہسپتالوں میں طبی خدمات کی فراہمی میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ خیبرپختونخوا کے صحت کا نظام دیگر صوبوں کے برعکس زیادہ فعال ہے اور یہاں پر مشکل ترین حالات کے باوجود طبی عملہ جو خدمات انجام دے رہاہے وہ مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے نرسز کی جدید ٹریننگ کا یہ سلسلہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی دلچسپی اور ہدایت پر شروع کیاہے جس کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوں گے۔سیکرٹری صحت نے کہا کہ نرسز کو صحت کے نظام میں کلیدی حیثیت حاصل ہے لہٰذا ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے پر توجہ دی جارہی ہے۔انہوں نے اس ضمن میں SAME RPS UKکے نمائندے ڈاکٹر اعجاز حسین اور کے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق کی خصوصی دلچسپی کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ پہلے گروپ کی ٹریننگ کی کامیاب تکمیل کے بعد باقی گروپوں کی تربیت پر بھی اسی شوق اور جذبے سے کرائی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس تربیتی پروگرام سے اگر ایک طرف نرسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور قابلیت میں اضافہ ہوگا تو دوسری جانب یہ کورس مریضوں کی فلاح و بہبود کیلئے بھی مفید ثابت ہو گا۔