خواجہ آصف بے بنیاد بیانات کے ذریعے گمراہی پھیلانے سے گریز کریں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

وفاقی وزیر خواجہ آصف کے بیان پر بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا ردعمل

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی وزیر خواجہ آصف کے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے باہر جانے سے متعلق بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ آصف شوشے چھوڑنے کے ماہر ہیں اور آئے روز کو ئی نہ کو ئی شوشہ چھوڑ تے ہیں. انہوں نے بانی پی ٹی آئی سے متعلق پھر ایک شوشہ چھوڑا ہے مگر خواجہ آصف کو یا د رکھنا چاہئے کہ بیرونی طاقتوں کے بل بوتے پر ہمیشہ شریف خاندان ملک سے باہر گیا ہے اگر عمران خان باہر جاتے تو اتنا عرصہ جیل نہ کاٹتے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ خواجہ آصف اور شریف خاندان کا یہ خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا کیونکہ عمران خان ہر بربریت کا جوانمردی سے مقابلہ کررہے ہیں. بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عمران خان کے شریف خاندان کی طرح باہر محلات نہیں ہے۔ بیرونی دنیا میں عمران خان کا صرف نام اور عزت ہے جو شریف خاندان کی نہیں ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ خواجہ آصف بے بنیاد پروپیگنڈا کرکے عمران خان جیسے عظیم لیڈر کو اپنے لیڈر کے برابر لانا چاہتے ہیں جو ممکن نہیں ہے اور خواجہ آصف بے بنیاد بیانات کے ذریعے گمراہی پھیلانے سے گریز کریں۔ مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر سیف نے کہا کہ شریف اور زرداری خاندانوں کے باہر ممالک میں عظیم الشان محلات ہیں ڈیل کے بعد دونوں خاندان ان محلات میں رہتے ہیں اور ان محلات کو پاکستان کے عوام کا پیسہ لوٹ کر بنایا گیا ہے۔ بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ عمران خان باعزت بری ہوکر شریف اور زرداری خاندانوں سے پاکستانی عوام کی ایک ایک پائی وصول کریں گے۔

مزید پڑھیں