وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے پیراپلیجک سنٹر پشاور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ادارے کے مختلف شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا جن میں افراد باہم معذوری کی بحالی کے مختلف وارڈز، فزیو جیم، ارتھاٹکس ڈیپارٹمنٹ، آٹزم سیکشن، کلب فٹ کلینک، اکوپیشنل تھراپی جیم اور دیگر شعبہ جات شامل ہیں۔ بیرسٹر سیف نے اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ پیراپلیجک سنٹر پشاور پاکستان اور ہمسایہ برادر ملک افغانستان میں معذور افراد کی بحالی خدمات مہیا کرنے والا منفرد قومی ادارہ ہے جو نہ صرف مختلف حادثات میں ریڑھ کی ہڈی کی چوٹوں سے متاثرہ معذوری کے شکار افراد کی بحالی یقینی بناتا ہے بلکہ انہیں تربیتی پروگرامز کے ذریعے فعال زندگی گزارنے کے قابل بناتا ہے۔ اسی طرح سنٹر کے زیر انتظام ورکشاپ میں خصوصی طور پر معذور افراد کی ضروریات کے مطابق کسٹمائزڈ وہیل چیئرز اور دیگر سہارا جات تیار کئے جاتے ہیں جو اعلیٰ معیار اور جدید تقاضوں کے مطابق ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ خدمات نہ صرف ان افراد کی زندگی کو آسان بناتی ہیں بلکہ انہیں عملی زندگی میں معاشی خود کفالت کی آسانیاں بھی فراہم کرتی ہیں۔ ڈاکٹر محمد علی سیف نے سنٹر کی مثالی خدمات، خصوصاً افراد باہم معذوری کی بحالی اور انکی ضروریات کے مطابق وہیل چیئرز اور سہارا جات کی تیاری کو سراہا اور یقین دلایا کہ اس منفرد صنعت کو مزید ترقی دینے کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات کرے گی۔ انہوں نے مزید یقین دلایا کہ صوبائی حکومت کی سطح پر سنٹر میں تیار کردہ وہیل چیئرز اور دیگر سہارا جات کے استعمال کو ترجیح دی جائے گی تاکہ دیگر ممالک سے درآمد کی بجائے اس منفرد مقامی صنعت کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے نہ صرف معیاری مصنوعات کی مقامی سطح پر دستیابی یقینی بنائی جائے گی بلکہ قیمتی زرمبادلہ کی بچت بھی ہوگی۔ مشیر اطلاعات نے سنٹر کو درپیش مسائل کے حوالے سے یقین دلایا کہ سنٹر کی سالانہ گرانٹ میں اضافے، سنٹر میں داخل افراد باہم معذوری کو ہنر سکھانے اور گھروں میں واپسی کے فالو اپ خدمات کے دو پروگرامز کی بحالی اور دیگر ضروریات کے حوالے سے وزیراعلیٰ سے خصوصی بات کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ وزیراعلیٰ جلد سنٹر کا دورہ کریں گے تاکہ ادارے کی مزید ترقی کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جا سکے۔ قبل ازیں سنٹر آمد پر چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے مشیر اطلاعات کو ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے توسیعی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ مشیر اطلاعات نے ڈاکٹر سید محمد الیاس اور ان کی ٹیم کو ان کی غیر معمولی خدمات اور معذور افراد کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت سنٹر کو پورے ملک کیلئے ایک حقیقی رول ماڈل بنانے اور اس طرز پر مزید بحالی مراکز کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کو سنٹر کی مثالی خدمات پر دستاویزی فلم بنانے اور اسکی عالمی سطح پر تشہیر کی ہدایت بھی کی۔