صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ تعلیم اور سپورٹس لازم و ملزوم ہیں صحت مند جسم اور تندرست وتوانا انسان ہی تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اہم کامیابیاں حاصل کر سکتا ہے اور یہ دونوں شعبے حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم نے ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ اور طلبہ و طالبات کو سپورٹس کے میدان میں کامیابیاں حاصل کرنے کے لئے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔ ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں پلے ایریاز اور پلے گراؤنڈز کے قیام کے ساتھ ساتھ ضلعی اور صوبائی سطح پر ٹورنامنٹس اور کھیلوں کے دیگر ایونٹس منعقد کروائے ہیں جس کا مقصد گراس روٹ لیول پر طلبہ و طالبات کی رہنمائی اور ان کو نیشنل اور انٹرنیشنل لیول پر تیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور امسال ہم نے صوبے کے تمام اضلاع میں ان ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لئے احکامات جاری کیے تھے جس کے تحت صوبے کے تمام اضلاع میں یہ مقابلے منعقد ہوئے اور طلبہ نے بہترین پوزیشنز حاصل کی۔ وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ حکومت تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کے لئے بھی سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور محکمہ سپورٹس کو فنڈ کے اجراء میں صوبائی حکومت کی مکمل سپورٹ حاصل ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے ان مقابلوں میں کارکردگی دکھانے والے بچوں کو ہم پلیٹ فارم مہیاں کر رہے ہیں اور ان کو مین سٹریم میں لانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ان کے ٹیلنٹ سے صوبے اور ملک کو فائدہ پہنچ سکے اور محکمہ تعلیم میں کھیلوں کے فروغ اور مواقعوں کی فراہمی کے لیے صوبائی وزیر کھیل کے ساتھ بھی مختلف منصوبوں پر بات چیت جا ری ہے جس سے ہمارے سکولوں کے بچے مستفید ہوں گے انہوں نے کہا کہ ہمارا پارٹی لیڈر عمران خان خود ایک مایا ناز سپورٹس مین رہ چکا ہے اور ان کے وژن کے مطابق کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپورٹس کمپلیکس مردان کی تقریب تقسیم انعامات سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔ تقریب میں ممبر قومی اسمبلی علی محمد خان، ممبر صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی، ڈائریکٹر ایجوکیشن ثمینہ الطاف، ڈپٹی کمشنر مردان عظمت وزیر، مختلف اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسرز، محکمہ سپورٹس کے عہدیداران، طلباء والدین اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے مزید کہا کہ صوبے میں جب سے ہماری حکومت آئی ہے صوبے میں امن و امان کے قیام کے لئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں امن کے قیام سے ہمارے گراؤنڈز آباد ہو گئے ہیں نیشنل اور انٹرنیشنل لیول کے ایونٹس صوبے میں منعقد کئے گئے ہیں اور اس سلسلے کو ہم فروغ دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے تقریبا 35 ہزار سکول ہیں اور لاکھوں طلباء و طالبات ہمارے سکولوں میں پڑھ رہے ہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم ان کی جسمانی نشونما پر بھی توجہ دے رہے ہیں انہوں نے ایجوکیشن حکام کو ہدایت دی کہ اگلے سال کے ٹورنامنٹس کے لئے مزید بہتر تیاری کریں۔ اور جن جن اضلاع کی کارکردگی کمزور ہے ان کا مجھے رپورٹ دیں۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے طلبہ و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بورڈز کے امتحانات قریب آرہے ہیں اور اس سے پہلے یہ ٹورنامنٹس اختتام کو پہنچے ہیں اب تمام تر توجہ امتحانات کی تیاری اور بہترین نتائج کے حصول پر دیں۔ میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا کہ ہم عوام کے حقوق کا جنگ لڑ رہے ہیں اور عمران خان صرف اس ملک کی ترقی اور غیروں کی غلامی سے آزادی کی بات کرتے ہیں جن کو بوگس کیسوں میں بند کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ عوام عمران خان کے دور حکومت اور موجودہ دور حکومت کا موازنہ کریں۔ اشیائے خوردونوش، بجلی، پیٹرول، گیس اور دیگر قیمتوں کا موازنہ کریں جس نے غریب کمزور اور عام آدمی کا جینا محال کر دیا ہے۔ وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ہم مرکز سے اپنے صوبے کے حقوق، رائلٹی، رول آف لاء اور اپنے جائز مینڈیٹ کے حصول کی بات کرتے ہیں جن کا جواب نفی میں دیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے کی اپنے پیداوار اور رائلٹی میں ہمیں وہ حصہ نہیں دیا جاتا جو کہ یہاں کے عوام کا حق ہے اور یہی ہمارے جائز مطالبات ہیں۔ انہوں نے امتحانی بورڈز کے حوالے سے کہا کہ صوبے کے تقریباً تمام بورڈز میں چیئرمین اور دیگر عملے کو تعینات کر دیا گیا ہے اور انشاء اللہ میرٹ پر مبنی صاف اور شفاف امتحانات صوبے بھر میں منعقد کرائے جائیں گے۔