صوبائی وزیر زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال نے پشاور میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کرک میں ٹریفک حادثے کے زخمیوں کی عیادت اور انکی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے ایل آر ایچ انتظامیہ کو زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال کو ہسپتال انتظامیہ نے زخمیوں کی صحت کے حوالے سے تفصیلی طور پر بریف کیا اور بتایا کہ دو زخمیوں کی صحت بہتر ہورہی ہے اور اب وہ خطرے سے باہر ہیں۔ صوبائی وزیر زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال کا کہنا تھا کہ امبیری کلہ کرک کے المناک حادثے پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے،اس دردناک حادثے میں شہید ہونے والے تمام شہدا کے خاندانوں کیساتھ اس غم بھری گھڑی میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ پاک شہدا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور زخمی بہن بھائیوں کو جلد صحتیابی عطا فرمائے۔