وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ ایسا کیس ہے جس میں پیسے بیرون ملک سے پاکستان آئے ہیں نہ پیسے عمران خان کے اکاؤنٹ میں ہیں اور نہ ہی بشریٰ بی بی کے اکاؤنٹ میں القادر ٹرسٹ میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو کوئی فائدہ نہیں ہوا، اور نہ ہی ملک کو نقصان پہنچا ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ کرپشن وہ ہوتی ہے جس میں ملکی پیسہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کیا جائے،عمران خان نے شریف اور زرداری خاندان کی طرح پیسہ بیرون ملک منتقل نہیں کیا القادر یونیورسٹی ملک میں دینی اور عصری علوم کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر جعلی مقدمات کی طرح یہ مقدمہ بھی اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔ مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ جعلی حکومت نے عمران خان کے خلاف جعلی مقدمات بنائے ہیں یہ تمام مقدمات اپنے منطقی انجام کو پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت نے ملک میں لاقانونیت عام کی ہوئی ہے۔ جعلی حکومت نے ملک میں جمہوریت کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ جعلی مقدمات کے ذریعے عمران خان کو سیاست سے مائنس نہیں کیا جاسکتا ہے۔ جعلی حکومت کو تمام غیر قانونی اقدامات کا جواب دینا ہوگا۔