صوبے میں چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروبار کو بااختیار بنانے کے لیے ”KP BizHub” پورٹل کا آغاز

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروبار کی ترقی کیلئے کے پی بزہب (”KP BizHub”)کے نام سے ڈیجیٹل ایپ کا باقاعدہ آغاز کیا ہے جس کا مقصد صوبے میں اس نوعیت کے کاروباروں کو بااختیار بنانا اور اقتصادی ترقی میں تیزی لانا ہے۔اس حوالے سے پورٹل کی افتتاحی تقریب منگل کے روز پشاور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر اور مشیرخزانہ مزمل اسلم نے بٹن دباکر پورٹل کا افتتاح کیا۔اس موقع پر سیکرٹری صنعت عامر افاق، خیبر پختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (KPBoIT) کے وائس چیرمین حسن مسعود کنور اور ڈائریکٹر بزنس فیسلٹیشن اقبال سرور و دیگر افسران اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کے نمائندے بھی موجود تھے۔تقریب کا انعقاد KPBoIT کی سرپرستی میں یو ایس ایڈ اور UNDP کے تعاون سے کیا گیا تھاجس میں صوبے بھر سے پالیسی سازوں، صنعتی شعبے کے رہنماؤں، کاروباری افراد اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز شریک ہوئے۔اس منصوبے کا بنیادی مقصد پائیدار ترقی کی ترغیب دینا اور ایس ایم ایز کے لیے ایک خوشحال کاروباری ماحولیاتی نظام تخلیق کرنا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے ایس ایم ایز کے کردار پر زور دیا اور کہا کہ یہ کاروبار مقامی معیشت کو مضبوط کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ایپ کی ترقی ہمارے عزم کی عکاسی ہے کہ ہم خیبر پختونخوا میں کاروبار کرنے کو آسان بنانا چاہتے ہیں۔ یہ ہمارے وسیع تر وژن کے مطابق ہے کہ صوبے کو تجارت اور سرمایہ کاری کا مرکز بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ KP-BOIT کی محنت، کاروباری کمیونٹی کی بصیرت اور شراکت داروں کی مدد کے بغیر ممکن نہیں ہو سکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ ”بزہب پورٹل” کا قیام صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پورٹل میں سیکیورٹی کے پہلوؤں کو بھی شامل کرنا چاہیے تاکہ سرمایہ کاری کو محفوظ بنایا جا سکے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خیبر پختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ذریعے کاروباری کمیونٹی کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ صوبے میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا سکے اور اس شعبے میں اصلاحات لائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد نے چیلنجنگ حالات کے باوجود سرمایہ کاری کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایپ مرد اور خواتین کاروباری افراد دونوں کے لیے فائدہ مند ہوگی اور کاروباری عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔تقریب میں مشیر خزانہ مزمل اسلم نے سرمایہ کاروں اور کاروباری کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کا پیغام پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ایپ کا قیام صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور کاروبار کی سہولت کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ خیبر پختونخوا نے اپنے روایتی اقدامات کو برقرار رکھتے ہوئے دوسرے صوبوں سے آگے بڑھ کر ایسا ڈیجیٹل پلیٹ فارم قائم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایپ تین اہم پہلوؤں پر مبنی ایک قیمتی اقدام ہے: نیٹ ورکنگ، رابطہ قائم کرنا اور سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد میں تعاون، جو صوبے میں سرمایہ کاری اور کاروباری ترقی میں مددگار ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نجی سرمایہ کاری صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور خیبر پختونخوا حکومت نہ صرف سرمایہ کاروں کی قدر کرتی ہے بلکہ کاروباری کمیونٹی کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔اس موقع پر انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے کاروباری ترقی کے لیے اٹھائے گئے اہم اقدامات کو بھی اجاگر کیاجن میں حالیہ احساس یوتھ اسکیم شامل ہے جو کاروباری منصوبوں کے لیے پانچ لاکھ روپے تک کے سود سے پاک قرضے فراہم کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ احساس ہنر اوراحساس روزگار بھی حکومت کے اہم منصوبے ہیں اوران تینوں کی مجموعی مالیت 15 ارب روپے ہے۔اس موقع پر خیبر پختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین حسن مسعود کنور نے کہا کہ خیبر پختونخوا بزہب صرف ایک پلیٹ فارم نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے علاقے کے ایس ایم ایز کو اٹھانے کے لیے ایک تحریک ہے۔ وسائل، رہنمائی اور مارکیٹ کے روابط تک رسائی فراہم کرکے ہم اپنے کاروباری افراد کو بااختیار بنائیں گے اور ایک خوشحال مستقبل کے لیے راہ ہموار کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ محض ایک ایپلیکیشن کا آغاز نہیں ہے بلکہ یہ خیبر پختونخوا کے کاروباری ماحولیاتی نظام کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ایس ایم ایز ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جو ہمارے لوگوں کے خواب، لچک اور محنتی جذبے کی عکاسی کرتے ہیں اور ان کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئیبورڈ نے اس اقدام کو شروع کیا ہے تاکہ ایس ایم ایز کو عالمی سطح پر مسابقتی مارکیٹ میں کامیاب ہونے کے لیے درکار وسائل اور نیٹ ورکس فراہم کیے جائیں۔تقریب میں یو این ڈی پی کی ڈپٹی ریزیڈنٹ نمائندہ مسز وان نگوئن نے بھی خطاب کیا اور پورٹل کے آغاز میں بورڈ کو فراہم کی جانے والی تکنیکی مدد پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کرنا ہے اور یہ جامع اقتصادی ترقی کو سپورٹ کرے گا۔سیکرٹری صنعت، تجارت اور فنی تعلیم عامر افاق نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں