خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی میزبانی میں سیاسی و دینی جماعتوں کا ”دہشت گردی کے خلاف قوم کا اتحاد“ کے موضوع پر مشاورتی اجلاس خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں مختلف جماعتوں کے رہنماوں نے شرکت کی جسمیں صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر، جمیعت علمائے پاکستان، لیاقت بلوچ، جماعت اسلامی پروفیسر ابراہیم، جماعت اسلامی قاری محمد شیخ یعقوب، پاکستان مرکزی مسلم لیگ صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، مرکزی علماء کونسل سید ناصر عباس شیرازی، مجلس وحدت المسلمین کے علامہ عارف حسین واحدی، اسلامی تحریک پاکستان کے پیر سید ہارون علی گیلانی، ہدیتہ الہادی پاکستان کے مولانا حامد الحق، جمیعت علمائے اسلام پاکستان کے مولانا یوسف شاہ، جمیعت علمائے اسلام پاکستان کے عبدالغفار روپڑی، جماعت اہل حدیث کے قمر قطب الدین، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے علامہ حامد رضا، سنی اتحاد کونسل کے ابراہیم قاسمی، پاکستان راہ حق پارٹی کے اسماعیل بلیدی، سابق سینیٹرمحمد علی درانی، سابق وفاقی وزیربیرسٹر گوہر، پاکستان تحریک انصاف کے اسد قیصر، پاکستان تحریک انصاف کے علامہ شبیر حسین، اسلامی تحریک پاکستان کے مولانا عبدالواسع، جماعت اسلامی پاکستان نے شرکت کی۔ شرکاء اجلاس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک اہم قومی مسئلے پر اس طرح کے مشاورتی اجلاس کا انعقاد انتہائی احسن اقدام ہے،اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور اورخیبرپختونخوا پختونخوا حکومت کا کردار قابل ستائش ہے،مشاورتی اجلاس کے انعقاد پر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور مبارکباد کے مستحق ہیں۔شرکاء نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا یہ اقدام دیگر صوبائی حکومتوں اور وفاقی حکومت کے لئے قابل تقلید ہے،دہشتگردی، فرقہ واریت، لسانی تعصب اور لاقانونیت جیسے قومی مسائل کے لئے قومی اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اس سلسلے کا دوسرا اجلاس پشاور میں منعقد ہوگا اسکے علاوہ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ ہر جمعے کو صوبہ بھر میں امن ریلیوں کا انعقاد کیا جائیگا۔