وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ عمران خان کے خط لکھنے سے جعلی حکومت کے جعلی وزراء کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں۔ خط لکھنے کے بعد شریف خاندان کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں، نواز شریف اور مریم نواز کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔خط متعلقہ حکام کو موصول ہونے سے پہلے ہی جعلی وزراء نے پروپیگنڈا شروع کر دیا۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ جعلی حکومت کے ہوش ایک خط لکھنے سے ہی اڑ گئے ہیں، پتہ نہیں عمران خان کے رہا ہونے کے بعد جعلی حکومت کی کیا حالت ہوگی، عمران خان کے رہا ہونے کے بعد جعلی حکومت کو تمام اوچھے ہتھکنڈوں اورتمام غیر قانونی اقدامات کا حساب دینا ہوگا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ شریف اور زرداری خاندان نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ عوام بھوک سے مر رہے ہیں اور ان دونوں پارٹیوں کو اقتدار کی پڑی ہوئی ہے۔ ملک میں آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ عمران خان کا خط کوئی خفیہ دستاویز نہیں ہے بلکہ انہوں نے اوپن خط لکھا ہے جسمیں مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے۔ عمران خان شریف خاندان کے اعصاب پر سوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہی ملک کا حقیقی لیڈر ہے اور وہ ہی ملک کو موجودہ مسائل سے نکال سکتے ہیں۔ فارم 47 کے ذریعے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا نہ ہوتا تو آج ملک کو موجودہ تباہی کا سامنا نہ ہوتا۔ جمہوریت پر ڈاکہ ڈالنے کے بعد جعلی حکومت نے تمام ریاستی اداروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے