انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے کنٹری منیجر احمد حسن الموسیٰ کا پیراپلیجک سنٹر پشاور کا دورہ، باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے جسمانی بحالی پروگرام کے کنٹری منیجر احمد حسن الموسیٰ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پیراپلیجک سنٹر پشاور کا دورہ کیا اور چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس سے ملاقات کی۔ سنٹر کے ڈائریکٹر ری ہیب ڈاکٹر امیر زیب اور سینئر فزیکل تھرآپسٹ ڈاکٹر گوہر رحمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر انہیں سنٹر کے مختلف شعبوں اور داخل مریضوں کی بحالی صورتحال اور درپیش چیلنجوں کے علاوہ ادارے میں فراہم کی جانے والی طبی و بحالی خدمات کا مجموعی جائزہ پیش کیا گیا نیز دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے اور معذور افراد کو جدید اور معیاری بحالی سہولیات فراہم کرنے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر احمد حسن الموسیٰ نے پیراپلیجک سنٹر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کی بحالی اور انہیں خودمختار زندگی گزارنے کے قابل بنانے میں یہ ادارہ نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے ادارے کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تاکہ جسمانی معذوری کے شکار افراد کا معیار زندگی مزید بہتر بنایا جا سکے۔چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے آئی سی آر سی کے تعاون کو سراہتے ہوئے ماضی میں بھی سنٹر کے استحکام کیلئے بھرپور مالی اور فنی تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ادارے مستقبل میں مزید مشترکہ اقدامات کے ذریعے معذور افراد کی بحالی کے لیے مؤثر کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افراد باہم معذوری کی سہولت کیلئے سنٹر ورکشاپ میں تیار کئے جانیوالے جدید مصنوعی سہارا جات آئی سی آر سی کے فراہم کردہ میٹیریل کے مرہون منت ہیں جس سے ہزاروں کی تعداد میں افراد باہم معذوری مستفید ہوتے ہیں اتنے عظیم مالی و فنی تعاون پر ہم اس عالمی ادارے کے شکر گذار ہیں۔

مزید پڑھیں