پی کے-57 کی ترقی اولین ترجیح ہے، ترقی کا جال بچھا کر عوام کے امنگوں پر پورا اتریں گے، ظاہر شاہ طورو
خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے پلاٹو پل تا نوے کلے روڈ کا باقاعدہ افتتاح کر تے ہوئے کہا ہے کہ اس سڑک کی پختگی علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا، جو وعدے کے مطابق پورا کر دیا گیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ حلقہ پی کے 57 میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جائے گا اور مضافاتی علاقوں کی محرومیوں کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مختلف سیاسی جماعتوں نے عوام کو صرف نعروں اور وعدوں سے بہلایا اور ووٹ حاصل کیے، لیکن اب حقیقی ترقی کے عمل میں عوام کو شامل کرنا ان کا مشن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ان شاء اللہ ہر وعدے کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔افتتاحی تقریب کے موقع پر علاقہ عمائدین اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور سڑک کے افتتاح پر صوبائی وزیر کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔