بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا گورنر کے خط پر ردعمل

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے گورنر خیبر پختونخوا کے وفاق کو لکھے گئے خط پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر کی ترجیحات صرف اپنی کرسی بچانا ہے انہیں صوبے کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے تجویز دی کہ گورنر ایک خط وفاق کو صوبے کے حقوق پر بھی لکھ دیں اور اس میں صوبے کے بقایا جات کی ادائیگی اور اس کے ساتھ سوتیلی ماں جیسے سلوک کے خاتمے کی استدعا کریں اور این ایف سی ایوارڈ میں پورا حصہ دینے کی درخواست کریں۔اسی طرح گورنر خیبر پختونخوا کو چاہئے کہ وہ وزیر ا علیٰ سردار علی امین گنڈا پور کی طرح صوبے کی فلاح و بہبود کے لیے بھی کچھ کریں۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ گورنر بیچارے کا ویسے بھی کوئی کام نہیں ہے صرف خط ہی لکھ سکتے ہیں اور افسوس ہوتا ہے کہ گورنر ہاؤس کا کردار آج کل محض ایک ڈاک خانے جیسا ہے جہاں ایک مسترد شدہ ڈاکیا بیٹھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف صوبے میں دہشت گردی ہے جبکہ دوسری طرف وفاق خیبر پختون کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کرتے ہیں خیبر پختون خوا کے بقایا جات کے علاوہ دہشت گردی کے مد میں صوبے کے پیسے بھی پورے نہیں دیتے ہیں لیکن اس حوالے سے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کبھی وفاق میں بیٹھے حکمرانوں کو خط نہیں لکھا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سیاسی بیان بازیوں اور غیر سنجیدہ خطوط لکھنے کے بجائے وفاق سے اپنے صوبے کا حق لیں۔

مزید پڑھیں