وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی رمضان اور عید پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے یہ پیکج صوبے کے مستحق خاندانوں کو فراہم کیا جائے گا،ہر مستحق خاندان کو 10 ہزار روپے دیے جائیں گے،صوبے کے 10 لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں کو امدادی پیکج فراہم کیا جائے گا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ امدادی پیکج 15 رمضان سے پہلے بینکوں اور ایزی پیسہ کے ذریعے شفاف طریقے سے مستحق خاندانوں تک پہنچایا جائے گا،بینک اور ڈسبرسنگ چارجز صوبائی حکومت خود برداشت کرے گی تاکہ مستحق افراد کو پوری رقم ملے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوانے ہدایت کی ہے کہ امدادی پیکج مکمل شفافیت کے ساتھ مستحق افراد تک پہنچایا جائے اور یتیم اور دہشت گردی سے متاثرہ افراد کو ترجیحی بنیادوں پر پیکج فراہم کیا جائے۔ اسی طرح صوبے کے تمام خواجہ سراوں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر امدادی پیکج فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔