ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈیرہ جات 2025 کی جاری سرگرمیوں کے سلسلے میں بدھ کے روز محکمہ کھیل اور امور نوجوانان خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام متعدد مقابلے منعقد ہوئے۔ ڈسٹرکٹ آڈیٹوریم ڈیرہ اسماعیل خان میں لوگوں کی توجہ کیلئے آرٹ نمائش سب سے اہم سرگرمی رہی۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا عبدالناصر خان نے اس آرٹ نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا جو دو روز تک جاری رہے گی۔اس نمائش میں ڈیرہ اسماعیل خان کے تقریباً 75 سینئر اور جونئیر فنکاروں کے تخلیقی کام کو نمائش کیلئے رکھا گیا ہے۔آرٹ نمائش کی افتتاحی تقریب میں ایڈمنسٹریٹر پشاور سپورٹس کمپلیکس جعفر شاہ، ڈائریکٹر سپورٹس عدنان سہیل،ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن سپورٹس جمشید بلوچ،فوکل پرسن برائے صوبائی وزیر کھیل حنیف داوڑ اور دیگر متعلقین موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس عبدالناصر خان نے آرٹ نمائش میں رکھے گئے فن پاروں کا نظارہ کیا اور ڈیرہ کے فنکاروں کی کینوس پر اتاری گئی تخلیقی اور خوبصورت کام کو سراہا۔وہ فنکاروں سے بھی ملے اور انھیں انکے کام پر داد پیش کی اور اس بات کا یقین دلایا کہ محکمہ سپورٹس کے تحت اس طرح کے ایونٹس کے ذریعے فنکاروں کے ہنر و تخلیق کے لئے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کریں گے اور انکے فن کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی بھی کوشش کی جائے گی۔واضح رہے کہ ڈیرہ جات 2025 کی سرگرمیاں 20 اپریل تک جاری رہیں گی جس کے آخری مرحلے میں آف روڈ چیلنج کا ایونٹ منعقد ہوگا جس میں ملک کے نامی گرامی رائڈرز شرکت کریں گے۔