حکومت خیبرپختونخوا کے سالانہ آگاہی پلان ”امر بالمعروف” پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس مشیر وزیراعلیٰ مصدّق عباسی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مالاکنڈ ڈویژن کے اضلاع میں سالانہ آگاہی پلان پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مالاکنڈ ڈویژن کے اضلاع میں اصلاحِ کردار گروپ، اصلاحِ معاشرہ گروپ اور اصلاحِ احوال کمیٹی کی تشکیلِ نو پر سیرحاصل گفتگو کی گئی۔ مشیر وزیراعلیٰ مصدّق عباسی نے سالانہ اگاہی پلان ”امر بالمعروف” کے مؤثر نفاذ اور اس پر عملدرآمد کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ مصدق عباسی نے اپنی گفتگو میں زور دیا کہ معاشرے میں اخلاقیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سالانہ آگاہی پلان اپنی نوعیت کا ملک کا پہلا آگاہی پلان ہے جس پر پورے سال عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔