وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے احساس اپنا گھر سکیم کے قرضے کے حصول کے لیے وضع شدہ طریقے کار پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین کنڈاپور نے صحیح معنوں میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وژن کے مطابق ”اپنا گھر سب کے لیے” منصوبے کوکو عملی جامہ پہناتے ہوئے 15 لاکھ تک بلا سود قرضے کا اجرا کر دیا ہے جس کے لیے صوبائی حکومت نے پہلے سے لائحہ عمل مرتب کیا ہے یہ قرض حسنہ صوبہ خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں لوگوں کو بلا تفریق دیا جائے گا اور اس کی واپسی 7 سالوں پر محیط ہوگی جو 18 ہزار ماہانہ کے حساب سے حکومت کو واپس کیا جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ اس قرضے کی سہولت سے وہ لوگ مستفید ہوں گے جن کی ماہانہ آمدنی ایک لاکھ سے کم ہو اور پانچ مرلے سے کم پلاٹ یا گھر کا مالک ہو اسی طرح قرضہ لینے والے کی عمر کم از کم 18 سال اور زیادہ سے زیادہ 55 سال ہو۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ قرضہ لینے والا صوبہ خیبر پختونخوا کا مستقل باشندہ اور شناختی کارڈ ہولڈر ہو یہ قرضہ بینک آف خیبر کے ذریعے دیا جائے گا۔