وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، جنگلی حیات، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے آیون چترال میں زیر تعمیر چلغوزہ پراسیسنگ یونٹ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں پر جاری تعمیراتی کام پر پیش رفت کے حوالے سے انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔انہوں نے متعلقہ افسران کو تعمیراتی کام جلدمکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جدید ترین چلغوزہ پراسیسنگ مشینری کی تنصیب سے چلغوزے کی صفائی اور پراسیسنگ کا عمل بہتر ہو گا جس سے مقامی طور پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت چترال کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چترال کی قیمتی پیداوار کو بہتر طریقے سے مارکیٹ کرنے سے معیشت کی نئی راہیں کھلیں گی۔ بعد ازاں معاون خصوصی بمبوریت بھی گئے جہاں انہوں نے کیلاش کمیونٹی سے ملاقات کی اور انکے مسائل دریافت کئے۔ انہو ں نے کیلاش کمیونٹی کے تمام مطالبات ترجیحی بنیادوں پر پورے کرانے کی یقین دہانی کرائی