وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے پشاور میں چیرمین پیسکو حمایت اللہ،چیف پیسکو اور انکی ٹیم سے ملاقات کی اور ان سے صوبے میں اکنامک زونز اور چھوٹی صنعتی بستیوں میں بجلی کے مسائل سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی اور سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ کے متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران صنعتی بستیوں اور زونز میں بجلی کے حل طلب مسائل کو مرحلہ وار چیرمین پیسکو کیساتھ اٹھایاگیا جن کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ بنوں اکنامک زون کی عرصہ دراز سے زیر التوا مسلے کے حوالے سے بتایا گیا کہ Reappropriation کے بعد زون کے 11 کے وی داخلہ ڈسٹریبیوشن لائن کیلئے ورک آرڈر جلد جاری کیا جائے گا۔اس کے علاوہ بنوں اکنامک زون کیلئے 132 کے وی گرڈ اسٹیشن کے ٹرانسمشن لائن کا سروے بھی آئندہ ہفتے کیا جائے گا جبکہ انڈسٹریل پارک بنوں میں گرڈ اسٹیشن کے قیام کیلئے موزوں مقام کی نشاندھی کیلئے جائنٹ سروے بھی عنقریب کیا جائے گا۔ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون نوشہرہ کے حوالے سے پیسکو حکام نے یقین دہانی کرائی کہ 11 کے وی فیڈر آئیندہ ہفتے انرجائز کیا جائے گا جبکہ نوشہرہ اکنامک زون کے 11 کے وی توسیعی فیڈر کو بھی آئندہ ہفتے انرجائز کیا جائے گا۔اجلاس میں نئی صنعتی زونز بونیر ماربل سٹی،کاٹلنگ اکنامک زون،سالٹ اینڈ جپسم سٹی کرک،دربند اور رشکئی سپیشل اکنامک زون کے بجلی کے امور بھی زیر بحث لائے گئے۔کے پی ایزڈمک کی طرف سے بتایا گیا کہ مستقبل کے ان منصوبوں میں بجلی کے ضروریات کو پورا کرنے کی ضرورت ہے۔ملاقات میں ایس آئی ڈی بی کے منصوبوں کے حوالے سے بھی چیرمین پیسکو سے تبادلہ خیال کیا گیا جسکے سلسلے میں انھوں نے سمال انڈسٹریل اسٹیٹ مردان 3 کے ڈبل سرکٹ کے مسلے کو حل کرنے کا یقین دلایا اور کہا کہ اس کو جلد از جلد انرجائز کیا جائے گا جس سے بستی میں بجلی کی ٹرپنگ کا مسلہ حل ہوگا۔اس طرح کلابٹ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ میں بجلی تاریں بچھانے کا کام جلد مکمل کرنے اور گرڈ پینل کیلئے ڈیمانڈ نوٹس کے امور جلد نمٹانے کی ہدایت کی گئی۔مزید برآں درگئی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے علیحدہ11 کے وی فیڈر کیلئے ڈیمانڈ نوٹس کی فراہمی اور جائنٹ سروے کو 10 یوم میں یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔چیرمین پیسکوکے مطابق سمال انڈسٹریل اسٹیٹ پشاور کیلئے علیحدہ 11 کے وی فیڈر رحمان بابا گرڈ اسٹیشن سے کوہاٹ روڈ گرڈ اسٹیشن کو شفٹ کیا جائے گا جس سے ٹریپنگ اور وقتاً فوقتاً پرمٹ کی وجہ سے شارٹ فال کا مسلہ حل ہو جائے گا۔ انڈسٹریل پارک پشاور کے حوالے سے انھوں نے معاون خصوصی کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس بستی کیلئے سروے اور تین الگ الیکٹرک ڈبل سرکٹ کیلئے ڈیمانڈ نوٹسز کی فراہمی آئندہ ہفتے میں کی جائے گی۔اس طرح سمال انڈسٹریل اسٹیٹ بنوں میں بجلی سے متعلق پیش کردہ مسائل کو ڈیمانڈ نوٹس کی فراہمی کے بعد 10 ایام میں حل کیا جائے گا۔ملاقات میں معاون خصوصی نے چیرمین پیسکو کا صوبے میں صنعتی شعبے کے مسائل حل کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر چیرمین پیسکو نے صنعتی شعبے کیلئے ہمہ وقت فعال رہنے پر معاون خصوصی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انکی ماہرانہ صلاحیتوں کے بل بوتے پر باوجود کئی چیلنجز کے صوبے میں صنعتی ترقی کا سفر جاری ہے۔انھوں نے کہا کہ بجلی کے امور کے حوالے سے صنعتی صارفین ہماری پہلی ترجیح ہے اور انکے مسائل کو حل کیا جائے گا۔