خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے ضلع خیبر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اس موقع پر ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اقبال آفریدی، چیئرمین ڈیڈک ضلع خیبر و ایم پی اے عبدالغنی آفریدی، سلطان روم، حمید الرحمان، ڈائریکٹر فاٹا اور متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔ دورے کے موقع پر صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے مختلف علاقوں میں ڈیری فارمز اور پولٹری فارمز کا معائنہ کیا اور تحقیقی مراکز میں انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کسانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل اور تجاویز بھی سنیں۔ فضل حکیم خان نے کہا کہ صوبائی حکومت لائیو سٹاک اور فشریز کے شعبے کی ترقی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کی ہوئی ہے تاکہ دیہی معیشت کو مستحکم بنایا جا سکے اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ وزٹ کا مقصد زمینی حقائق کا براہ راست جائزہ لینا اور پالیسی سازی کے عمل میں شفافیت اور بہتری لانا ہے۔ فضل حکیم خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پولٹری اور ڈیری فارمنگ کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور کسانوں کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے یہ اقدامات نہ صرف مقامی کسانوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے بلکہ ان کے ذریعے پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ، غذائی تحفظ کو یقینی بنانا اور روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا کرنا ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات عوامی خواہشات اور زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے تیار کیے گئے ہیں تاکہ پائیدار اور دیرپا ترقی کو یقینی بنایا جا سکے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا مشن خود کفالت، شفافیت اور فلاحی ریاست کے قیام کی جانب بڑھنا ہے اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں یہ منصوبے اسی مشن کا عملی مظہر ہیں۔