مشیر صحت احتشام علی کا پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ – مریضوں کی عیادت، سہولیات کا جائزہ اور ریجنل سیٹلائٹ سینٹرز کے قیام کی ہدایت

مشیر صحت خیبر پختونخوا جناب احتشام علی نے آج پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (PIC) کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ادارے میں موجود مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، داخل مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔مشیر صحت نے PIC کے ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی عملے سے ملاقات کی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے مریضوں سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے اور انہیں درپیش مشکلات کے فوری ازالے کی یقین دہانی کرائی۔مشیر صحت نے ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پورے ریجن کے دل کے مریضوں کے لیے ایک مرکزِ امید ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علاج معالجے کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔اس موقع پر مشیر صحت نے ایک اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے محکمہ صحت کے متعلقہ حکام کو کہا کہ PIC جیسے جدید طبی ادارے کی سہولیات دیگر اضلاع کے عوام تک بھی پہنچائی جائیں۔ اس مقصد کے لیے صوبے کے مختلف اضلاع میں ریجنل سیٹلائٹ سینٹرز کے قیام کا عمل جلد از جلد شروع کیا جائے تاکہ دور دراز علاقوں کے مریضوں کو بھی بروقت علاج میسر آ سکے۔دورے کے دوران انسٹیٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور دیگر سینئر افسران نے مشیر صحت کو ادارے کی کارکردگی، درپیش مسائل اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔اختتام پر مشیر صحت نے بتایا کہ“ان کی ترجیح عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ دل کے امراض سے بچاؤ اور بروقت علاج کے لیے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی جیسے اداروں کا کردار نہایت اہم ہے۔ ہم اسے مزید مضبوط بنائیں گے اور اس کے دائرہ کار کو پورے صوبے تک وسعت دیں گے۔

مزید پڑھیں