خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوقاف، حج، مذہبی اور اقلیتی امور کا اجلاس بروز پیر صوبائی اسمبلی کے رحمان بابا ھال سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا

خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوقاف، حج، مذہبی اور اقلیتی امور کا اجلاس بروز پیر صوبائی اسمبلی کے رحمان بابا ھال سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین و رکن صوبائی اسمبلی جناب اعجاز محمد نے کی۔ اجلاس میں ”پختونخوا انڈومنٹ فنڈ (کالاش کمیونٹی) بل، 2025“ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جسے ایوان نے 8 دسمبر 2025 کے اجلاس میں قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا تھا۔اجلاس میں کمیٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی اور وزیر قانون آفتاب عالم، عدنان خان، گرپال سنگھ، شازیہ تہماس خان، ریحانہ اسماعیل، عسکر پرویز، سریش کمار اور بیری لال نے شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد مجوزہ قانون سازی کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے اقلیتی برادری، بالخصوص کالاش کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اور موزوں سفارشات مرتب کرنا تھا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران نے کمیٹی کو بل کے مختلف انتظامی اور قانونی پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔خصوصی دعوت پر سابق فوکل پرسن برائے اقلیتی امور وزیرزادہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور کالاش کمیونٹی کی ضروریات اور دیرپا فلاحی اقدامات سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں، جنہیں کمیٹی نے سراہا۔ اجلاس کے دوران کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ انڈومنٹ فنڈ کی رقم 50 ملین روپے سے بڑھا کر 100 ملین روپے کر دی گئی ہے۔ وزیر قانون نے تجویز دی کہ انڈومنٹ فنڈ سے خرچ ہونے والی رقم کی تفصیلات ششماہی بنیادوں پر قائمہ کمیٹی کے سامنے پیش کی جانی چاہیے- کمیٹی نے اس امید کا اظہار کیا کہ بل کی منظوری سے اقلیتی برادری کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا اور ان کی سماجی، ثقافتی اور معاشرتی ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات ممکن ہوں گے۔ قائمہ کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرنے کے بعد بل کا حتمی مسودہ ایوان میں پیش کرے گی۔

مزید پڑھیں