
مشیر برائے اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور مولانا طیب قریشی نے محکمہ اوقاف کی وقف اراضی پر غیر قانونی قبضے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ مختلف محکموں کے ساتھ مل کر مذکورہ اراضی واگزار کرانے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے وقف اراضی کے تحفظ اور غیر قانونی قبضوں کے خاتمے کے لیے اب تک مناسب اقدامات نہ اٹھانے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قابضین سے ریکوری کی جائے اور انکے خلاف ایف آئی آر درج کی جائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے محکمہ اوقاف کی کارکردگی، وقف املاک اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر اوقاف گل نواز خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مشیر اوقاف کو محکمے کی وقف املاک، متعلقہ قوانین، جاری سرگرمیوں، عدالتی مقدمات، درپیش مسائل اور مجموعی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مشیر اوقاف مولانا طیب قریشی نے مختلف سرکاری محکموں سے واجبات کی ریکوری کےلئے اقدامات کی ہدایت بھی دی۔ اس موقع پر محکمے کی افرادی قوت، انتظامی ڈھانچے اور وقف املاک سے متعلق قوانین و ضوابط کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہ کیا گیا۔مولانا طیب قریشی نے ہدایت کی کہ وقف املاک کے تحفظ، غیر قانونی قبضوں کے خاتمے اور اراضی کی واگزاری کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ مربوط حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ وقف املاک ایک اہم قومی و دینی امانت ہیں، جن کا تحفظ اور درست استعمال یقینی بنانا محکمہ اوقاف کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
