مشیر اوقاف مولانا طیب قریشی کا پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی خیبر پختونخوا کے صوبائی ہیڈکوارٹر کا دورہ

مشیر برائے اوقاف , مذہبی و اقلیتی امور مولانا طیب قریشی نے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی خیبر پختونخوا کے صوبائی ہیڈکوارٹر پشاور کا دورہ کیا، صوبائی ہیڈکوارٹر پہنچانے پر چیئرمین پی آر سی ایس خیبر پختونخوا فرزند علی وزیر نے انکا استقبال کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری پی آر سی ایس عابد رحمان مروت بھی موجود تھے۔دورے کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں، فلاحی اقدامات اور صوبے بھر میں مستحق افراد کی معاونت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین فرزند علی وزیر نے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی خیبر پختونخوا کی جاری سرگرمیوں، فلاحی منصوبوں اور ضرورت مند افراد کو فراہم کی جانے والی امدادی خدمات کے حوالے سے مشیر اوقاف کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے ادارے کی جانب سے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت انجام دی جانے والی سرگرمیوں اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔مشیر اوقاف مولانا طیب قریشی نے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی خیبر پختونخوا کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت، ضرورت مند افراد کی معاونت اور مشکلات میں گھرے لوگوں کی مدد کرنا ایک قابل قدر انسانی اور سماجی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آر سی ایس خیبر پختونخوا اس حوالے سے اہم کردار ادا کر رہی ہے، جس کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ مولانا طیب قریشی نے اس امر پر زور دیا کہ انسانی ہمدردی اور فلاحی سرگرمیوں کا بنیادی مقصد بلاامتیاز ضرورت مند افراد کی مدد کرنا اور معاشرے کے محروم طبقات کو سہارا فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی خیبر پختونخوا آئندہ بھی اپنی فلاحی اور انسانی ہمدردی پر مبنی سرگرمیاں مؤثر انداز میں جاری رکھے گی۔

مزید پڑھیں