وزیراعلی کا چیف سکریٹری اور ڈویژنل انتظامیہ سے رابطہ، متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت
متاثرین کو ہر ممکن امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے، وزیر اعلی
وزیر اعلی کی خصوصی ہدایت پر چیف سیکرٹری اور نگران وزراء پر مشتمل حکومتی ٹیم آج متاثرہ اضلاع کا دورہ کرےگی
حکومتی ٹیم متاثرہ علاقوں میں ہونے والی نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لے گی
نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے لکی مروت اور بنوں میں تیز آندھی اور طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ہونے والی جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں نگران وزیر اعلی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرین کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔ درایں اثناءوزیر اعلی نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور متعلقہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کرکے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں بغیر کسی تاخیر کے شروع کی جائیں، متاثرہ آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور انہیں فوری ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اور اس مقصد کے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیر اعلی نے محکمہ صحت کے حکام کو بھی متاثرہ اضلاع کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے اور ان حادثات کے زخمیوں کو فوری امداد کی فراہمی کو ہر لحاظ سے یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ نگران صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہے اور متاثرین کو ریلیف اور امداد کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ وزیراعلی کی خصوصی ہدایت پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے دو نگران اراکین کابینہ مشتمل حکومتی ٹیم آج ضلع بنوں اور لکی مروت کا دورہ کرے گی اور وہاں پر ہونے والی نقصانات اور ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لے گی۔ حکومتی ٹیم متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کے سلسلے میں متعلقہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو ضروری احکامات جاری کرے گی۔