چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ ذراعت کے گڈ گورننس اقدامات پر جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں سیکرٹری محکمہ ذراعت اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ضم اضلاع میں ایک لاکھ پچاس ہزار زیتون کے درختوں پر قلم لگانے کا ہدف کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ کسانوں کی معاشی حالت میں بہتری کیلئے جدید زرعی ٹیکنالوجی، تربیت اور وسائل فراہم کرنے پر کام جاری ہے۔ اسی طرح کسانوں کو ایک چھت تلے سہولیات کی فراہمی کیلئے 97 فارم سروسز سینٹرز میں ون ونڈو آپریشن جاری ہے۔ مزید بتایا گیا کہ مختلف منصوبوں کے ذریعے پانچ ہزار ایکڑ قابلِ کاشت بنجر زمین کی بحالی اور گندم، مکئی، چاول، گنے اور پھلوں سمیت بڑی فصلوں کی جی آئی ایس میپنگ جیسے منصوبے بھی حکومت خیبرپختونخوا کے گڈ گورننس روڈ میپ کا اہم حصہ ہیں۔چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات صوبے میں زرعی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
