
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان سے وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے پیر کے روز چیف سیکرٹری آفس پشاور میں ملاقات کی جس میں صوبے میں پولیو کے خاتمے کے لئے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پولیو کے خاتمے کی موجودہ صورتحال، مہمات کے نتائج اور درپیش چیلنجز زیر بحث آئے۔ شرکائ نے انسداد پولیو مہمات کی مائیکرو پلاننگ، مربوط حکمتِ عملی، مہم کی مانیٹرنگ اور معیار، ہر بچے تک رسائی یقینی بنانے کے لئے حکمت عملی پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ مزید برآں پورے صوبے میں یکساں اور ایک ہی وقت میں انسدادِ پولیو مہم کے انعقاد پر تفصیلی مشاورت ہوئی اور اس حکمت عملی کو وائرس کے کنٹرول کے حوالے سے اہم قرار دیا گیا۔ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ قومی مشن ہے جس کیلئے سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہے اور اس مقصد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
