خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، شکیل احمد

خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ صوبے بھر میں سڑکوں، ہائی ویز، سرکاری عمارتوں اور دیگر عوامی ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں اعلیٰ معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہ کیا جائے اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مؤثر اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو جلد از جلد ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات میسر آ سکیں۔
انہوں نے یہ ہدایات پشاور میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے میگا پراجیکٹس سے متعلق منعقدہ بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔
اجلاس میں ارکانِ قومی اسمبلی ارباب شیر علی اوشاندانہ گلزار، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات محمد ضیاء الحق، چیف انجینیئر سینٹر میگا انجینیئر شمشاد علی خان سمیت محکمہ مواصلات و تعمیرات کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران چیف انجینیئر میگاسینٹر انجینیئر شمشاد علی خان نے صوبے میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، مختلف میگا پراجیکٹس، تعمیراتی سرگرمیوں اور محکمے کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شکیل احمد نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل سے نہ صرف عوام کو بہتر سفری اور بنیادی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ صوبے کی معاشی و سماجی ترقی کو بھی نئی رفتار ملے گی۔
صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جائے، تعمیراتی معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور مقررہ مدت کے اندر منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی وسائل کے شفاف اور مؤثر استعمال کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

مزید پڑھیں