خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایت پر منگل کے روز ضلع خیبر کے علاقوں باڑہ اور جمرود کا تفصیلی دورہ کیا اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے جاری و مکمل ہونے والے متعدد عوامی ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی عبدالعنی آفریدی، چیف انجینئر(سنٹر) جمشید علی خان، سپرنٹنڈنگ انجینئر سمیع اللہ کنڈی، ایکسین ریاض بنگش اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے دیگر متعلقہ افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران صوبائی وزیر نے بابِ باڑہ کی تعمیر کا افتتاح کیا جبکہ باڑہ بازار روڈ، مینار مسجد تا شیخان روڈ، مکناہ روڈ، بائی پاس روڈ، ملک سراج الدین روڈ،شلوبرقمبرخیلمین روڈ سمیت متعدد اہم شاہراہوں کے منصوبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے جان باز کلے میٹرنٹی سنٹر کا بھی افتتاح کیا اور گورنمنٹ کالج آف نرسنگ جمرود کا تفصیلی دورہ کرکے تعمیراتی معیار اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔شکیل احمد نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد جدید سفری، طبی اور تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا قبائلی اضلاع کی ترقی، بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ تعمیراتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ منصوبوں کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی وسائل کا مؤثر استعمال ممکن بنایا جا سکے۔دورے کے اختتام پر متعلقہ افسران نے صوبائی وزیر کو مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
