میخ بند کے اسپورٹس گراؤنڈ کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی، عوام سے کیے گئے وعدے ہر صورت پورے کریں گے: شکیل احمد

خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے میخبند کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی عمائدین، نوجوانوں اور عوامی نمائندوں سے ملاقات کی اور علاقے کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے میخ بند میں اسپورٹس گراؤنڈ کی تعمیر کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپورٹس گراؤنڈ کی تعمیر نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ، صحت مند معاشرے کے قیام اور کھیلوں کے میدان میں نئی صلاحیتوں کو آگے لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ شکیل احمد نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تمام تکنیکی و انتظامی کارروائیاں فوری مکمل کی جائیں تاکہ جلد از جلد عملی کام کا آغاز کیا جا سکے۔
دورے کے دوران اسپورٹس سے وابستہ شخصیات، جن میں بہادر شیر، مختیار اور دیگر معززین بھی موجود تھے، نے علاقے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور اسپورٹس گراؤنڈ کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا۔
صوبائی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ ایک ماہ کے اندر محکمہ مواصلات و تعمیرات اور محکمہ اسپورٹس کے متعلقہ حکام میخبند کا مشترکہ دورہ کریں گے تاکہ اسپورٹس گراؤنڈ کی تعمیر کے لیے تمام ضروری اقدامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔
اس موقع پر اہلیانِ علاقہ اور پاکستان تحریک انصاف میخ بند تنظیم کے عہدیداروں نے شکیل احمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نوجوانوں کے دیرینہ مطالبے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے عملی اقدام کا اعلان کیا، جس سے علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

مزید پڑھیں