ضلع چارسدہ میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ، عوامی فلاحی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں، شکیل احمد

خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد اور وزیر برائے معدنیات عارف احمد زئی نے ضلع چارسدہ میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ہائی وے ڈویژن اور بلڈنگ کنسٹرکشن ڈویژن کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ بریفنگ اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔اجلاس میں رکن قومی اسمبلی ملک انور تاج، چیف انجینیئر سینٹرل میگا پراجیکٹس جمشید علی خان، منیجنگ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی انجینیئر سہیل خان، سپرنٹنڈنگ انجینیئر شہاب خان، ایکسیئن چارسدہ رابعہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران چیف انجینیئر ہائی وے ڈویژن اور ایکسیئن بلڈنگ کنسٹرکشن نے صوبائی وزراء کو ضلع چارسدہ میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے تحت مکمل شدہ، جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، سالانہ ترقیاتی پروگرام، تعمیراتی سرگرمیوں اور محکمانہ کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے محکمہ کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح کے تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر اور ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو جلد از جلد معیاری سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی وسائل کے شفاف اور مؤثر استعمال پر یقین رکھتی ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔بعد ازاں صوبائی وزیر شکیل احمد نے مونڈہ ڈیم ، مٹہ کتوزئی روڈ اور بٹگرام بائی پاس روڈ کے جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں میں اعلیٰ معیار کی تعمیر کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی میٹریل سمیت تمام تکنیکی تقاضوں پر سختی سے عمل کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ عوامی ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو محفوظ، جدید اور پائیدار انفراسٹرکچر کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

مزید پڑھیں