خیبر پختون خوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے کہاہے کہ پشاور میں زیر تعمیر خیبر انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ چلڈرن ہسپتال کی بروقت تکمیل کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے کیونکہ یہ منصوبہ عوامی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ بات انہوں نے پیر کے روز پشاور میں خیبر انسٹیٹیوٹ اف چائلڈ ہیلتھ اینڈ چلڈرن ہسپتال سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیف انجینیئر میگا عمران حسین ،ایس ای انجینیئر عدنان محمد ، ایکسن طارق افضل اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے اس موقع پر چیف انجینئر نے صوبائی وزیر کو خیبر انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ چلڈرن ہسپتال سے متعلق تفصیل سے بریفنگ دی اور منصوبے کی تکمیل میں حائل رکاوٹ کودور کرنے اور بروقت تکمیل کے لیے اقدامات کا جائزہ پیش کیا اجلاس میں صوبائی وزیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خیبر انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ چلڈرن ہسپتال کی بروقت تکمیل کے لئےٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے اور اس پراجیکٹ کے لیے فنڈز کی کمی کے مسائل کا فوری حل نکالا جائے گا اور مذکورہ پراجیکٹ شعبہ صحت سے وابستہ ہے اس لیے اس کے امور کومحکمہ صحت اور وزیراعلی خیبر پختون خوا کے نوٹس میں بھی لایا جائے گا۔
