صوبے کے عوام کوسستی اوربلاتعطل بجلی کی فراہمی موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے یہی وجہ ہے کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں میں جہاں غریب عوام بجلی کی نعمت سے محروم ہیں وہاں پانی کی نعمت سے سستی بجلی کی پیداوارکے سلسلے میں چھوٹے چھوٹے پن بجلی گھر(منی مائیکروہائیڈروپاور پراجیکٹس ) تعمیرکئے گئے ہیں ان منصوبوں سے ہزاروں خاندان مستفید ہورہے ہیں۔ توانائی کے جاری منصوبوں کو فاسٹ ٹریک پالیسی کی روشنی میں مقررہ مدت کے اندرمکمل کرناسب سے بڑاچیلنج ہے۔وزیراعلیٰ اورچیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے احکامات کی روشنی میں توانائی منصوبوں کے معاملات شفافیت اورمقررہ ٹائم لائنزمیں نمٹانے کیلئے سختی سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری توانائی وبرقیات نثاراحمد نے ضلع اپردیرمیں پیڈوکی زیرنگرانی منی مائیکروہائیڈل سٹیشنزکے جاری منصوبوں میں تعمیراتی کام کی سست روری اوربعض مقامات پر کام کی بندش کی شکایات کے حوالے سے منصوبوں کی جگہوں کے ہنگامی دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ پراجیکٹ ڈائریکٹر منی مائیکروہائیڈروپاورپراجیکٹس فیصل داوڑ،اسسٹنٹ ڈائریکٹرمانیٹرنگ عبیداللہ خان اوردیگرحکام بھی موجودتھے۔سیکرٹری توانائی نے ڈوگ پائین میں 75کلوواٹ،سیابدرکانی میں 250کلوواٹ،میانزڈوگ میں 150کلوواٹ،کالکوٹ میں 200کلوواٹ،شرنگل میں 500کلوواٹ،تاپندی میں 250 تھل ملاؤمیں 250کلوواٹ بابوزو میں 150کلوواٹ اورمیانہ ڈوگ میں 100کلوواٹ سمیت زیرتعمیر9منی مائیکروہائیڈروپاورپراجیکٹس کے مقامات کا دورہ کیا۔جہاں انہوں نے پاورہاؤس،پین سٹاک،سوئچ یارڈاوردیگرحصوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پروہ ان مقامات پر مقامی کمیونٹی کے افراد سے بھی ملے اورانکے مسائل کوغورسے سنا۔سیکرٹری توانائی نثاراحمد نے متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹر اورانکی ٹیم میں شامل دیگرسٹاف کو سختی سے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ گرمی کے موسم میں عوام کو فوری ریلیف دینے کے لئے ان منصوبوں پر جاری کام کوفوری طورپر مکمل کیا جائے اورمعیاری تعمیر کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یالاپرواہی ناقابل برداشت ہوگی۔ انہوں نے مقامی آبادی کویقین دلایاکہ فنڈزکی فراہمی کے ساتھ ہی تمام بقیہ منصوبوں کو جلدسے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔
