صوبائی وزیر تعلیم ارشد ایوب خان اور سیکرٹری محکمہ تعلیم محمد خالد خان کا ہریپور کا تفصیلی دورہ

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خالد خان اور منیجنگ ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن (ESEF) قیصر عالم کے ہمراہ ضلع ہریپور کا تفصیلی دورہ کیا، جس کے دوران مختلف تعلیمی اداروں کا معائنہ کیا گیا اور ضلع میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔دورے کے دوران وفد نے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول خانپور کا دورہ کیا، جہاں جاری تعلیمی سرگرمیوں، تدریسی ماحول، بنیادی سہولیات اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سکول انتظامیہ نے ادارے کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور ترقیاتی ضروریات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم نے تعلیمی معیار میں مزید بہتری اور طلبہ کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بعد ازاں میرپور ماڈل سکول ہریپور کا بھی دورہ کیا توقع ہے کہ یہ ادارہ عنقریب کیڈٹ کالج میں تبدیل ہوگا، انہوں نے ماڈل سکول کے مختلف شعبہ جات، تعلیمی و رہائشی سہولیات اور طلبہ کے لیے دستیاب انتظامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ ادارے کی انتظامیہ نے وفد کو تعلیمی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔دورے کے م وقع پر ریجنل پروفیشنل ڈویلپمنٹ سنٹر (RPDC) ہریپور میں ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں مجوزہ ”سکول آف ایکسیلینس” کے قیام سے متعلق تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خالد خان اور ایم ڈی ESEF قیصر عالم نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر شرکاء کو جامع بریفنگ دی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سکول آف ایکسیلینس میں ضلع ہریپور کے ذہین، باصلاحیت اور نمایاں کارکردگی کے حامل طلبہ کو مکمل میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا جائے گا۔ ادارے میں جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیمی ماحول، معیاری رہائشی ہاسٹل، سائنس و کمپیوٹر لیبارٹریز، معیاری خوراک اور ہم نصابی سرگرمیوں کی وسیع سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ طلبہ کی ہمہ جہت صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکے۔شرکاء اجلاس نے اس منصوبے کو ضلع ہریپور اور صوبے کے تعلیمی شعبے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ادارہ مستقبل میں معیاری تعلیم، بہترین تربیت اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ اجلاس میں سابق قائد حزبِ اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان، سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان، صوبائی پارلیمانی لیڈر و چیئرمین ڈیڈک اکبر ایوب خان اور محکمہ تعلیم کے افسران سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی اور ضلع ہریپور میں تعلیمی ترقی کے لیے اپنے بھرپور تعاون اور عزم کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں