خیبرپختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے جمعرات کے روز ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم اینڈ ٹیچرز ایجوکیشن (DCTE) ایبٹ آباد کا دورہ کیا اور پالیسی راؤنڈ ٹیبل کانفرنس برائے ٹیچرز لائسنسنگ اِن خیبرپختونخوا میں شرکت کی۔ کانفرنس میں سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد خالد، منیجنگ ڈائریکٹر خیبرپختونخوا ایجوکیشن فاؤنڈیشن قیصر عالم، ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، ڈائریکٹر ڈی سی ٹی ای، بی ٹیگ (B-TAG)، ایف سی ڈی او (FCDO) کے نمائندوں سمیت مختلف اداروں کے افسران شریک ہوئے۔ اس موقع پر سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے ماہرین تعلیم نے ٹیچرز لائسنسنگ رجیم کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔ کانفرنس میں اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت، کلاس روم ٹیچنگ کو مزید مؤثر بنانے، کارکردگی کے مسلسل جائزے اور شفاف جانچ پڑتال کے نظام پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے تعلیم کے شعبے میں جاری اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے متعدد تجاویز بھی پیش کیں جبکہ اساتذہ کی انڈکشن، سرٹیفیکیشن اور گریڈنگ کے حوالے سے بھی تفصیلی بحث کی گئی۔ پالیسی راؤنڈ ٹیبل کانفرنس برائے ٹیچرز لائسنسنگ اِن خیبرپختونخوا کے اختتام پر سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد خالد نے کانفرنس کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں ٹیچرز لائسنسنگ رجیم کے لیے محکمہ تعلیم اور متعلقہ اداروں کے افسران پر مشتمل ایک مشترکہ ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کیا، جو ٹیچرز لائسنسنگ سمیت دیگر متعلقہ امور کے لیے جامع روڈ میپ اور ایکشن پلان مرتب کرے گی۔ صوبائی وزیر ارشد ایوب خان نے کہا کہ ٹیچرز لائسنسنگ رجیم کو عالمی معیار کے مطابق استوار کیا جائے گا اور اس عمل میں بین الاقوامی سطح پر خدمات انجام دینے والے پاکستانی ماہرین کی مہارت سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی سرٹیفیکیشن کا نظام بہترین، شفاف اور میرٹ پر مبنی ہونا چاہیے تاکہ تدریسی معیار میں مزید بہتری لائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ اور لرننگ دونوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔ طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی، اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی اور تعلیمی نظام میں پائیدار اصلاحات حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں، جن کے ذریعے صوبے میں تعلیمی معیار کو مزید بلند کیا جائے گا۔
