سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا محمد خالد نے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے ملازمین کی ریٹارڈ منٹ پر ان کی پنشن کے کیسز فوری طور پر نمٹائے جائیں اور اگر کسی اہلکار پر کوئی انکوائری بھی چل رہی ہو تو اس کی ماہانہ تنخواہ بند نہ کی جائے تاکہ اس سے ان کا گھر چل سکے۔انہوں نے کہا کہ آن لائن اپلائی کے لئے ہر مہینے کے شروع میں ای ٹرانسفر پورٹل کھولی جائے گی۔ یہ ہدایت انھوں نے پیر کے روز پشاور میں حکومت خیبر پختونخوا کے گڈ گورننس روڈ میپ پروگرام کے تحت عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے منعقدہ ای کھلی کچہری کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری تعلیم مسعود احمد ایڈشنل سیکرٹری ظہیر خان ایڈشنل سیکرٹری صالح محمد ڈائریکٹر ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نعمانہ سردار ڈائریکٹر آئی ٹی صلاح الدین سمیت دیگر افسران اور متعلقہ ضلعی ایجوکیشن آفیسرز آن لائن اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ عوام نے براہِ راست گفتگو کرکے درپیش مسائل بیان کیے۔ جن میں زیادہ تر پنشن، این او سی (NOCs)، چھٹیوں سے متعلق امور اور ٹرانسفر کے حوالے سے مسائل شامل تھے۔ ای کچہری میں سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم نے آن لائن عوامی مسائل کو سنجیدگی سے سنا اور ان کو فوری طور پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن کے کیسز کی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لیے محکمہ ملازمین کی پنشن کے کیسز کو جلد از جلد نمٹائے اور ریٹائرڈ منٹ کے اگلے مہینے سے ان کی ماہانہ پنشن کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں اور محکمہ تعلیم پنشن کے زیر التواء کیسوں کی بروقت تکمیل کے لیے تندہی سے کام کر ے اور کیسوں کے بلاتاخیر کم وقت میں حل کو یقینی بنا یا جائے۔
