
سکو لوں میں ڈبل شفٹ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس بدھ کے روز پشاور میں منعقد ہواجس میں سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم، چیف پلاننگ آفیسر اور دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز زنانہ و مردانہ نے اجلاس میں ورچوئلی شرکت کی۔اجلاس میں نئے ڈبل شفٹ سکولز کے قیام کے حوالے سے ڈی ای اوز کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔شرکاء نے سکولوں میں طلبہ کے بڑھتے ہوئے اندراج، کلاس رومز کی کمی اور وسائل کے بہتر استعمال کے تناظر میں ڈبل شفٹ سسٹم کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ڈبل شفٹ سکولز کے ذریعے زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی، بالخصوص ان علاقوں میں جہاں سکولوں کی عمارتوں کی کمی ہے۔اجلاس کے اختتام پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ ڈی ای اوز کی درخواستوں کا میرٹ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے اور نئے ڈبل شفٹ سکولز کے قیام کے لیے فوری سفارشات تیار کی جائیں تاکہ بچوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
