محکمہ ایکسائز وٹیکسیش اور نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا کے بیورو آف ایکسائزانٹیلیجنس اینڈ انویسٹیگیشن نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران بین الاقوامی و بین الصوبائی منشیات سمگلنگ نیٹ ورک سے وابستہ ایک ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 2000 گرام ہیروئن برآمد کرلی۔ ملزم منشیات کو پارسل کے ذریعے مختلف شہروں اور بعد ازاں بیرونِ ملک بھجوانے کی کوشش کر رہا تھا۔اس سلسلے میں محکمہ ایکسائز سے موصولہ تفصیلات کے مطابق ایکسائز انٹیلیجنس ٹیم کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ منشیات گروہ کا کارندہ شاہ زیب ولد انور شاہ پشاور میں پوسٹ آفس کے ذریعے منشیات سپلائی کرنے والا ہے۔ اطلاع کو مصدقہ جانتے ہوئے ٹیم نے پوسٹ آفس کے سامنے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 2000 گرام ہیروئن برآمد ہوئی جبکہ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کیلئے تھانہ ایکسائز پشاور ریجن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے صوبائی حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور صوبائی وزیر ایکسائز سید فخرجہان کے ہدایات کے تحت صوبہ بھر میں کارروائیاں مسلسل جاری ہیں اور نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچانے کیلئے منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔
