محکمہ ایکسائز کے زیر اہتمام ٹیکس نظام میں شفافیت اور سہولیات کے فروغ کیلئے پشاور اورمردان میں تاجروں سے مشاورتی اجلاس اور فیلڈ سرگرمیاں

خیبرپختونخوا حکومت کے احکامات کے مطابق ٹیکس نظام میں شفافیت، عوامی سہولیات اور محصولات میں اضافے کے پیش نظر سیکریٹری ایکسائز وٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خالد الیاس کی ہدایات پر صوبہ بھر میں محکمہ ایکسائز کے تحت مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔سیکریٹری ایکسائز خالد الیاس نے محکمہ کے افسران کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ ہر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ دفتر سے باہر فیلڈ میں گزارے، تاجروں اور کاروباری حضرات سے براہِ راست ملاقاتیں کرے اور ٹیکسیشن سے متعلق تاجروں کو درپیش مسائل اور شکایات کے فوری حل کیلئے عملی اقدامات یقینی بنائے۔اسی سلسلے میں پشاور اور مردان میں تاجروں اور کاروباری برادری کے نمائندگان کے ساتھ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسران کی جانب سے مختلف اجلاسوں، مشاورتی نشستوں اور فیلڈ سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا تاکہ ٹیکس نظام کو مزید سہل، شفاف اور عوام دوست بنایا جا سکے۔پشاور میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (ای ٹی او ٹو) پراپرٹی ٹیکس توصیف خان نے پراپرٹی ٹیکس سے متعلق شہر کے مختلف بازاروں اور تجارتی مراکز کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران مختلف انجمنِ تاجران کے عہدیداران اور دکانداروں سے ملاقاتیں کی گئیں جن میں تاجروں نے پراپرٹی ٹیکس سے متعلق اپنے مسائل، تجاویز اور تحفظات سے آگاہ کیا۔ای ٹی او توصیف خان نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت تاجروں کے جائز مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور پراپرٹی ٹیکس کے نظام میں مزید آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بروقت ٹیکس ادائیگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس کی مد میں حاصل ہونے والی آمدن عوامی سہولیات، ترقیاتی منصوبوں اور شہری خدمات کی بہتری پر خرچ کی جاتی ہے۔پشاور میں ڈاکٹر زاہد اقبال خان، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (ETO-3)، اور سرحد چیمبر آف کامرس کے نمائندگان کے مابین بھی ایک اہم اجلاس بمنعقد ہوا۔اجلاس میں جنید خان صدر سرحد چیمبر آف کامرس، ایوب زکوڑی صدر انجمنِ انڈسٹریز سمیت مختلف تاجران تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف انجمنِ تاجران کو درپیش مسائل، تحفظات اور تجاویز پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ مردان میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر محمد خالد خان اور مردان چیمبر آف کامرس کے تاجران کے مابین ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تاجروں کو درپیش مسائل اور تجاویز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس کے دوران تاجروں کی سہولت اور فوری رہنمائی کیلئے مردان چیمبر آف کامرس میں “ٹیکس فیسلیٹیشن اینڈ شکایات ڈیسک” کا افتتاح بھی کیا گیا۔ تاجران اپنے مسائل اور شکایات تحریری درخواست کی صورت میں مذکورہ ڈیسک پر جمع کرا سکیں گے تاکہ ان کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جا سکے

مزید پڑھیں