صوبائی حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت محکمہ ایکسائز کی ایک روز میں 5 بڑی کارروائیاں،35 ہزار گرام منشیات برآمد، 6 ملزمان گرفتار

صوبائی حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمہ ایکسائز خیبر پختونخوا نے صوبہ بھر میں منشیات فروشوں، ڈیلروں اور سہولت کاروں کے خلاف موثر کارروائیاں تیز کر دیں ہیں۔ ایک ہی دن کے دوران محکمہ کے ایکسائز اینٹیلیجنس بیورو نے پراونشل انچارج سعود خان گنڈاپور کی نگرانی میں پانچ بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں آئس، ہیروئن اور چرس برآمد کرلی جبکہ چھ ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کردیئے گئے۔محکمہ ایکسائز کے تفصیلات کے مطابق پہلی کارروائی میں 6000 گرام ہیروئن اور 3000 گرام آئس برآمد کی گئی۔دوسری کارروائی میں 19200 گرام چرس اور 500 گرام آئس قبضے میں لے لی گئی۔محکمہ کی تیسری کارروائی کے دوران 4800 گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ چوتھی کارروائی میں 500 گرام آئس پکڑی گئی۔محکمہ کی جانب سے پانچویں کارروائی میں ہزارہ ریجن کے ایک تعلیمی ادارے کے طلباء کو آئس کی ترسیل اور فروخت میں ملوث دو ملزمان سے 1000 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔محکمہ ایکسائز کے مطابق مجموعی طور پر 5000 گرام آئس، 6000 گرام ہیروئن اور 24000 گرام چرس برآمد کرتے ہوئے چھ ملزمان کو موقع پر گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں