محکمہ ایکسائز کی ناردرن بائی پاس پشاور پر کارروائی، 19 کلوگرام سے زائد چرس برآمد، ملزم گرفتار

محکمہ ایکسائز وٹیکسیش اور نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا نے پشاور میں ایک بڑی کارروائی کے دوران منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 19 کلوگرام سے زائد چرس برآمد کر لی اور ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا۔اس حوالے سے محکمہ ایکسائز سے موصولہ تفصیلات کے مطابق بیورو آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹیگیشن سکواڈ نے خفیہ اطلاع پر ناردرن بائی پاس پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے گاڑی نمبر LWH-2020 کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران 19200 گرام چرس برآمد ہوئی۔ کارروائی پراونشل انچارج عاکف نواز خان کی نگرانی میں انسپکٹر محمد ریاض انچارج ایکسائز انٹیلیجنس سکواڈ نے داؤد خان اور دیگر نفری کے ہمراہ انجام دی۔کارروائی کے دوران ملزم نعمت شاہ ولد ظاہر شاہ، سکنہ ناساپہ ٹاپو کورونہ بخشی پل کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ ایکسائز پشاور ریجن میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔خیبرپختونخوا حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان کی ہدایات کے تحت محکمہ ایکسائز کی کارروائیاں صوبہ بھر میں جاری ہیں اور محکمہ کے حکام کے مطابق منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔

مزید پڑھیں