خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے حلقہ نیابت پی کے 26 بونیر کے علاقے پرشالئی میں تین مختلف مقامات پر کمیونٹی حجروں کے قیام کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔یہ عوامی فلاحی منصوبے صوبائی وزیر کے ترقیاتی فنڈ سے مکمل کیے گئے ہیں۔افتتاحی تقریبات میں صوبائی وزیر سید فخر جہان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ مقامی عمائدین و مشران کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر ان عوامی مراکز کا افتتاح کیا گیا۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی بیرسٹر گوہر علی خان کے بھائی اور ضلعی رہنما احمد خان، بخراد خان، وقارالملک خان، قیصر علی ایڈووکیٹ، ارشاد عالم سمیت تحریک انصاف کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید فخر جہان نے کہا کہ کمیونٹی حجرے ہماری ثقافت اور سماجی ہم آہنگی کا اہم حصہ ہیں جہاں عوامی مسائل کے حل، مشاورت اور باہمی روابط کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے ایسے منصوبوں کو ترجیح دے رہی ہے جو براہِ راست عوام کو سہولت فراہم کریں اور مقامی سطح پر سماجی ڈھانچے کو مضبوط بنائیں۔مقامی مشران نے صوبائی وزیر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سید فخر جہان علاقے کی تاریخ میں پہلے رکن اسمبلی ہیں جو حلقہ پی کے 26 کے ہر گاؤں کی یکساں ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے ان عوامی و روایتی ثقافتی منصوبوں پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔مقامی زعماء کا کہنا تھا کہ علاقے میں عمران خان کے وژن کے مطابق صوبائی حکومت، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی قیادت اور صوبائی وزیر سید فخر جہان کی سرپرستی میں مختلف شعبہ جات میں نمایاں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔دریں اثناء، صوبائی وزیر نے مقامی قیادت کے ہمراہ گاؤں امنور، نری تنگی اور غوحدرہ کا خصوصی دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی عمائدین، معززین اور پارٹی کارکنان سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے۔ صوبائی وزیر نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو مسائل کے فوری حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔صوبائی وزیر نے دورے کے دوران گاؤں امنور علیخا میرہ میں ایک بڑی شمولیتی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جس میں عوامی ورکرز پارٹی تحصیل چغرزی کے صدر اور جماعت اسلامی کے اہم رکن صفدر خان نے اپنے خاندان اور عزیز و اقارب سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔
