محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا کے تحت ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افس ون پشاور نے شہر میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
اس ضمن میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افیسر ون پشاور مسعود الحق نے گاڑی مالکان کو مطلع کیا ہے کہ وہ اپنی غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن بلا تاخیر مکمل کریں اور اپنی گاڑیوں کے واجب الادا ٹوکن ٹیکس بروقت ادا کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی یا قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔
ای ٹی او ون کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت جرمانہ عائد کیا جائے گا، گاڑی ضبط کی جا سکتی ہے اور مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
انھوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں اور اپنی ذمہ داریوں کی بروقت ادائیگی کے ذریعے ایک مؤثر اور شفاف نظام کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں
