خیبر پختونخواکےوزیرِ صحت خلیق الرحمان نے رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ پشاور میں جدید آنکالوجی وارڈ اور مریضوں کی نگہداشت کی نئی سہولیات کا افتتاح کیا

خیبر پختونخواکےوزیرِ صحت خلیق الرحمان نے رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ پشاور میں جدید آنکالوجی وارڈ اور مریضوں کی نگہداشت کی نئی سہولیات کا افتتاح کیا۔ وزیرِ صحت نے نئی آنکالوجی وارڈ کا باقاعدہ افتتاح فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر آر ایم آئی شفیق الرحمان، چیف آپریٹنگ آفیسر کرنل (ر) طارق، شعبۂ آنکالوجی کے سربراہ ڈاکٹر فواد القمر اور ادارے کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔افتتاح کے بعد صوبائی وزیرِ صحت نے نئے آنکالوجی وارڈ اور آنکالوجی فارمیسی کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہیں مریضوں کو فراہم کی جانے والی جدید طبی سہولیات، علاج معالجے، ادویات اور مریضوں کی نگہداشت کے نظام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ صحت نے ادارے میں فراہم کی جانے والی جدید کینسر کیئر سہولیات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات صوبے میں کینسر کے مریضوں کو معیاری اور بروقت علاج کی فراہمی میں اہم کردار ادا کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ صحت خلیق الرحمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور کینسر جیسے موذی مرض کے علاج کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی تاکہ کینسر کے مریضوں کو جدید اور معیاری علاج کی سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت صحت کارڈ پروگرام کے دائرہ کار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور صحت کارڈ کی مالی حد 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کرنے کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ساتھ مشاورت جاری ہے تاکہ عوام کو مزید ریلیف فراہم کیا جا سکے۔تقریب کے دوران کینسر کو شکست دینے والی ایک مریضہ نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے آر ایم آئی میں فراہم کردہ علاج، نگہداشت اور سہولیات کو سراہا اور کہا کہ مؤثر علاج کی بدولت وہ اب صحت مند اور معمول کی زندگی گزار رہی ہیں۔اس موقع پر آر ایم آئی انتظامیہ نے بتایا کہ نئے آنکالوجی وارڈ کا قیام جامع کینسر کیئر سسٹم کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے اور مستقبل میں آنکالوجی خدمات کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ مریضوں کو ایک ہی جگہ پر مکمل اور معیاری علاج فراہم کیا جا سکے۔تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی اور دیگر شرکاء میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں

مزید پڑھیں