محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن کی ہدایت پر صوبہ بھر میں صحت کی سہولیات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے دیگر اہم اقدامات کے ساتھ ساتھ طبی عملے کی بھرتیوں کا بھی اعلان کیا ہے

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن کی ہدایت پر صوبہ بھر میں صحت کی سہولیات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے دیگر اہم اقدامات کے ساتھ ساتھ طبی عملے کی بھرتیوں کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بنیادی و ثانوی صحت مراکز کوفعال و مضبوط بنانا اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔محکمہ صحت نے میڈیکل آفیسرز، ڈینٹل سرجنز اور نرسز کی آسامیوں کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں، جو ایک سالہ معاہدے پر (کارکردگی کی بنیاد پر قابل توسیع) مقرر کی جائیں گی۔مجموعی طور پر 2439 آسامیوں کا اعلان کیا گیا ہے، جن میں میڈیکل آفیسرز کی 1425 آسامیاں،ڈینٹل سرجنز کی 250 آسامیاں،نرسز کی 764 آسامیاں شامل ہیں۔امیدواروں کے لیے متعلقہ شعبے میں تسلیم شدہ تعلیمی قابلیت، ہاؤس جاب (جہاں لاگو ہو) اور متعلقہ کونسل (PMDC/PNC) میں رجسٹریشن لازمی ہے۔ ان آسامیوں کے لیے عمر کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔وزیر صحت خلیق الرحمن نے اس حوالے سے کہا ہے کہ یہ بھرتی مہم صوبے میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی کمی کو پورا کرنے اور عوام کو معیاری علاج کی سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھرتی کا عمل مکمل طور پر شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر خیبر پختونخوا ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے قواعد کے مطابق انجام دیا جائے گا۔درخواستیں مقررہ تاریخ کے اندر متعلقہ ڈویژنل کمشنرز کے دفاتر میں تمام ضروری دستاویزات کے ساتھ جمع کروانا ہوں گی۔ صرف شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کو انٹرویو کے لیے طلب کیا جائے گا۔درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 08 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے جبکہ میرٹ لسٹ ایک سال کے لیے مؤثر رہے گی۔وزیر صحت خلیق الرحمن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت خیبر پختونخوا صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور ہر شہری کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

مزید پڑھیں